نیلسن،31؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نیل بروم اور کپتان کین ولیمسن کی بڑی نصف سنچری اور دونوں کے درمیان 179رنز کی شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آج یہاں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-0سے کلین سوئپ کیا۔بروم نے 97رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ولیمسن 95رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جس نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے 237رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 41.2اوور میں دو وکٹ پر 239رنز بنا کر جیت درج کی۔ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوششوں میں لگے بروم کی یہ مسلسل دوسری میچ فاتح اننگ ہے۔انہوں نے دوسرے ون ڈے میں بھی ناقابل شکست 109رنز بنائے تھے جو نیوزی لینڈ نے 67رنز سے جیتا تھا۔سات سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے بروم پہلے ون ڈے میں 22رنز ہی بنا پائے تھے۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جس کے بعد امرالقیس (44)اور تمیم اقبال(59)نے پہلے وکٹ کے لئے 21.2اوور میں 102رنز کی شراکت کی۔بروم نے مشیل سیٹنر کی گیند پر قیس کا ایک ہاتھ سے بہترین کیچ لپک کر اس شراکت کا خاتمہ کیا۔بنگلہ دیش نے اس کے بعد باقاعدہ وقفے پر وکٹ گنوائے۔ٹیم کو کوئی بلے باز ٹک کر نہیں کھیل پایا۔بروم نے تمیم کا کیچ بھی لپکا۔بنگلہ دیش نے سات وکٹ صرف 77رن پر گنوائے،نچلے آرڈر میں صرف نورالحسن کی ٹک کر کھیل پائے جنہوں نے 39گیند میں 44رن کی اننگز کھیلی۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا۔ٹیم نے دوسرے اوور میں ہی ٹام لیتھم(04)کا وکٹ گنوا دیا جبکہ مارٹن گپٹل بھی 6 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہرٹ ہوئے۔بروم نے بھی کھاتہ کھولے بغیر مشرف مرتضی کی گیند کو پہلی سلپ میں قیس کے ہاتھوں میں کھیل دیا لیکن وہ کیچ لپکنے میں ناکام رہے۔بروم اور ولیمسن نے اس کا فائدہ اٹھا کر دوسرے وکٹ کے لئے 179رن جوڑے،بروم تاہم جب سنچری سے صرف تین رن دور تھے تب مستفیض الرحمن کا شکار بنے۔انہوں نے 97گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12چوکے اور ایک چھکا مارا۔جیمز نیشام نے اس کے بعد 23گیند میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 28رن کی اننگز کھیل کر ولیمسن کو سنچری سے محروم کیا۔ولیمسن نے اپنی اننگز کے دوران 116گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نو چوکے اور ایک چھکا مارا۔